ٹی ٹونٹی ورلڈکپ بھارت سے یو اے ای منتقل،بی سی سی آئی کی تصدیق

Tuesday, June 29undefined, 2021, 11:56:24 AM

نئی دہلی:کورونا وائرس کے گڑھ بھارت سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی چھین لی گئی۔ میگا ایونٹ متحدہ عرب امارات میں ہو گا، بی سی سی آئی نے اس کی تصدیق بھی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر، نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا تھا، جہاں پر اس وقت کورونا وائرس بے قابو ہوچکا۔ ماہرین نے خبردار کیا کہ بھارت میں نومبر میں کورونا کی تیسری لہر آنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کو میگا ایونٹ کے لیے سٹینڈ بائی پر رکھا گیا تھا، گزشتہ ماہ آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کیلئے اماراتی بورڈ سے رابطہ کیا تھا اور دونوں کے درمیان 80 سے 90 فیصد معاملات طے پاگئے تھے، اور اب امارات کو ٹورنامنٹ کی باقاعدہ میزبانی سونپ دی گئی ہے۔
سری لنکا نے بھی متبادل وینیو کے طور پر اپنی خدمات پیش کی تھیں تاہم آبادی کی کمی اور نوجوانوں کی اکثریت ہونے کی وجہ سے متحدہ عرب امارات کو ترجیح دی گئی۔
یہاں واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد 4 سال کے وقفے کے بعد گزشتہ برس آسٹریلیا میں ہونا تھا، تاہم کرونا وبا کے پھیلائو کی وجہ سے ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا گیا۔ اب رواں سال 5 سال کے وقفے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد ہو گا، جس میں ویسٹ انڈیز اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد بھارت سے رواں سال کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی باقاعدہ طور پر چھین لی گئی ہے۔
دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی کا میگا ایونٹ بھارت سے یو اے ای منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ کے میزبان بھارت ہی ہو گا، ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے، جس کے بعد ہم نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ میگا ایونٹ متحدہ عرب امارات میں کرایا جائے گا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے خزانچی ارون سنگھ دھومل نے بھی بتایا کہ ہم جلد ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس بارے میں آگاہ کریں گے۔ ٹورنامنٹ اب 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔