ٹوکیو اولمپک میں پاکستان کے صرف 10 کھلاڑی نمائندگی کرینگے

Tuesday, June 29undefined, 2021, 11:53:41 AM

لاہور: پاکستان جو 10 کھلاڑی ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لیں گے ان میں ارشد ندیم، غلام مصطفی بشیر، محمد خلیل اختر، گلفام جوزف، نجمہ پروین، ماحور شہزاد، طلحہ طالب، شاہ حسین شاہ، بسمہ خان اور سید محمد حسیب طارق شامل ہیں۔
کورونا وبا کی تیسری لہر کے باوجود ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین اس سب سے بڑے ایونٹ کے انعقاد کیلئے پرعزم ہیں اور تمام ترتیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس بیخ نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے والے ٹوکیو اولمپکس جولائی میں منعقد ہوں گے اور اس حوالے سے کوئی پلان بی نہیں ہے۔ ہم ان کھیلوں کو محفوظ اور کامیاب بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔ٹوکیو اولمپکس کے سی ای او توشیرو موتو کا کہنا ہے کہ منتظمین انعقاد کیلئے پرعزم ہیں،تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتے کہ سٹینڈ تماشائیوں سے بھرے ہوں گے یا تماشائیوں کے بغیر ہوں گے ۔ٹوکیو اولمپکس 2020 بین الاقوامی کھیلوں کا ایک بڑا ایونٹ ہے جو 23 جولائی سے 8 اگست2021 کو ٹوکیو میں ہونا ہے۔ یہ گیمز دراصل 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک ہونے تھے تاہم کورونا کے نتیجے میں انہیں مارچ 2020 تک ملتوی کر دیا گیا۔مارکیٹنگ کیلئے ٹوکیو 2020 کا نام برقرار رکھا ہے۔ ان اولمپکس میں 206 ممالک کے 11091 کھلاڑی 33 کھیلوں کے50 ڈسپلن کے 339 ایونٹس میں حصہ لیں گے۔ان کھیلوں کاافتتاح 23 جولائی 2021 کو متوقع طور پر شہنشاہ ناروہیتو،جاپان نیشنل سٹیڈیم میں کرینگے جبکہ اختتام 8 اگست2021 کو ہوگا۔یہ گیمز مشرقی ایشیا میں ہونے والے لگاتار تین اولمپکس میں سے دوسرا مقابلہ بھی ہوگا جس کا پہلا مقابلہ 2018 میں جنوبی کوریا کے پیانگ چینگ کانٹی میں ہوا۔ اگلے مقابلے 2022 میں چینی شہر بیجنگ میں ہوں گے۔