وزیر اعظم کا زیر تعمیر داسو ڈیم کا دورہ ، مختلف حصوں کا معائنہ

Saturday, June 19th, 2021, 04:33:28 PM

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے نئے داسو ڈیم کی تعمیر کے لئے کام کرنے والے کارکنوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، اس سے مستقبل میں ملک کو سستی بجلی دستیاب ہوگی اور مہنگائی بھی کم ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں داسو ڈیم کے دورہ میں تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے زیر تعمیر ڈیم کے مختلف حصوں اور ٹنل کا معائنہ کیا۔وزیراعظم نے داسو ڈیم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ پاکستان کیلئے بہت فائدہ مند ہے ، سب سے زیادہ فائدہ انڈسٹری کو ہوگا،صنعتی فروغ تب ہوگا جب سستی بجلی مہیا ہوگی ۔ عمران خان نے کہا مہنگی بجلی ہر طرح سے مہنگائی لے کر آتی ہے ، سستی بجلی ملنے سے مہنگائی بھی آگے جاکر کم ہوگی۔ انہوں نے کہا یہ ایک مشکل کام ہے جس کو انجام دینے پر میں غیر ملکی انجینئرز اور تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک کو سستی اور صاف بجلی ملے گی۔ اس طرح کے منصوبے بہت پہلے شروع ہو جانے چاہئے تھے تاکہ ملک کیلئے سستی بجلی دستیاب ہو تی۔ جس طرح منگلا اور تربیلا سے ملک کو سستی بجلی حاصل ہوئی اور پاکستان کی صنعتوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع ملا اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہوا۔ وزیرا عظم نے کہا معیشت بہتر ہو رہی ہے ، ملک تیزی آگے بڑھ رہا ہے ، سستی بجلی کے حصول سے مستقبل میں صنعتی اور گھریلو ضروریات پوری ہوں گی اور صنعتیں ترقی کریں گی جس سے ملک بھی ترقی کرے گا۔ واضح رہے داسو ڈیم فیز ون 2025 میں مکمل ہو کر نیشنل گرڈ میں 2160 میگا واٹ کی فراہمی شروع کر دے گا جبکہ 2029 میں فیز ٹو مکمل ہونے کے بعد ڈیم کی استعداد 4320 میگا واٹ ہو جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ان کی حکومت تمام تاریخی مقامات بحال کرنے اور بہتر بنانے کی خواہاں ہے ، شاہی قلعہ لاہور بحال اور آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ کردیا گیا ہے ۔