بوئنگ میکس 10 کی کامیاب آزمائشی پرواز

Saturday, June 19th, 2021, 01:59:56 PM

طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے نئے ماڈل کے بوئنگ سیریز کے سب سے بڑے طیارے 737 میکس 10 نے جمعہ کو امریکا میں اندرون ملک پہلی آزمائشی پرواز کی جو ڈھائی گھنٹے سے زائد دورانیے کی تھی۔امریکا کی رجسٹریشن این 27751 کا یہ طیارہ نومبر 2019 میں تیار کیا گیا تھا تاہم مبینہ طور پر کورونا وائرس بحران کی وجہ سے اس کی لانچنگ روک دی گئی تھی۔ اس طیارے نے امریکا کی واشنگٹن اسٹیٹ کی رینٹن میونسپل ائیرفیلڈ سے مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی صبح 10 بجکر 7 منٹ پر پہلی اڑان بھری۔ اس فلائٹ نمبر بی او ای 101 نے زیادہ سے زیادہ 25 ہزار فٹ کی بلندی پر اور  زیادہ سے زیادہ 630 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کیا۔ یہ فلائٹ رینٹن ایئر فیلڈ سے موسس لیک ائیرپورٹ کے لیے تھی۔ دونوں ہوائی اڈوں کے مابین 35 منٹ کا ہوائی سفر ہے مگر آزمائشی پرواز لگ بھگ ڈھائی گھنٹے سے زائد طویل رہی۔جہاز دوپہر کے وقت واشنگٹن اسٹیٹ کے موسس لیک ائیرپورٹ پر لینڈنگ اپروچ پر گیا مگر رن وے سے 1400 فٹ اوپر سے گزر کر دوبارہ بلندی پر چلا گیا اور ٹیک آف کے دو گھنٹے 30 منٹ بعد رینٹن ائیر فیلڈ کے قریب بوئنگ فیلڈ کنگ کانٹی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔ کمپنی کے اعلامیہ کے مطابق مسافروں کے دو درجوں اور 230 نشستوں کے ساتھ 737 میکس 10 بوئنگ سیریز کا سب سے بڑا طیارہ ہے جس کی آزمائشی پرواز کامیاب رہی۔