عالمی ہوسٹنگ سسٹم میں خرابی ،دنیا بھر میں انٹر نیٹ کا بڑا بریک ڈائون

Tuesday, June 8th, 2021, 05:32:17 PM

خبر رساں اداریرائٹرز کے مطابق امریکا اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں منگل کو اچانک ویب سائٹس بند ہوگئیں، جس سے کئی لوگ اہم معلومات حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔رپورٹ کے مطابق امریکی کمپنی فاسٹلے کے ہوسٹنگ سرور میں خرابی کے باعث سوشل اور نیوز ویب سائٹس سمیت ای کامرس اور حکومتی ویب سائٹس بند ہوگئی تھیں، تاہم بعد ازاں خرابی کو درست کرنے پر ویب سائٹس بحال ہونا شروع ہوگئیں۔ابتدائی طور پر فاسٹلے نے ویب سائٹس بند ہونے کے بعد اپنے ہاں کسی بھی خرابی سے لاتعلقی ظاہر کی تھی مگر بعد ازاں فوری طور پر خرابی کو تلاش کرکے اسے درست کردیا گیا۔
امریکی صحافی میک ٹیلر نے بھی اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ہوسٹنگ سروسز فراہم کرنے والے ادارے فاسٹلے نے خرابی کو ٹھیک کردیا، جس کے بعد ویب سائٹس کی سروسز بحال ہوگئیں۔ہوسٹنگ سروس میں فنی خرابی کے باعث سی این این، بی بی سی، نیویارک ٹائمز، این بی سی، دی گارجین، اسپاٹی فائے، گوگل، توئٹر اور امریکا سمیت برطانوی حکومت کی ویب سائٹس بھی بند ہوگئیں تھیں۔فنی خرابی کے باعث ایمیزون جیسی بڑی آن لائن ای کامرس ویب سائٹ بھی بند ہوگئی جب کہ کئی ممالک میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کی سروس بھی ڈاون رہی۔
دنیا بھر میں انٹرنیٹ پر خرابی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاون ڈٹیکٹر کے مطابق منگل کے روز فاسٹلے کے ہوسٹنگ سرور میں خرابی کے باعث ویب سائٹس بند ہوئی تھیں۔مذکورہ ویب سائٹ نے متعدد ویب سائٹس کے حوالے سے آن لائن سروے کیا جس میں دنیا بھر سے لوگوں نے بتایا کہ وہ کئی معروف ویب سائٹس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔