پاکستانی بالرز کا انوکھا کارنامہ

Tuesday, May 11th, 2021, 04:00:02 PM

لاہور: پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں باآسانی اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کرنے کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈ بھی بنالیے۔میچ میں پاکستانی بالرز نے بہترین کھیل پیش کیا اور تین بالرز نے اننگز میں 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا۔یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تین کھلاڑیوں نے ایک ٹیسٹ میچ کی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہوں۔میچ کی پہلی اننگز میں حسن علی نے 27 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے 52 رنز دے کر پانچ اور نعمان نے 86 رنز دے کر پانچ وکٹیں اپنے نام کیں۔
کرک انفو کے مطابق یہ دنیائے کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے کہ ایک ہی اننگز میں دو بائیں ہاتھ کے بالرز نے پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کی ہوں۔اس کے علاوہ یہ گزشتہ 10 سال میں دوسرا موقع ہے کہ پاکستان نے ایشیا سے باہر کسی ٹیسٹ سیریز میں ایک سے زائد ٹیسٹ میچ می کامیابی حاصل کی، 2017 میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز 1-2 سے جیتی تھی۔دوسری جانب بابر اعظم کیریئر کے ابتدائی چاروں ٹیسٹ میچ جیتنے والے پاکستان کے پہلے کپتان بھی بن گئے، ان سے قبل بھارت کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی دنیا کے آخری کپتان تھے جنہوں نے اپنے ابتدائی چاروں میچ بطور کپتان جیتے تھے۔حسن علی کی سیریز میں اوسط 8.92 رہی جو کسی بھی سیریز میں پاکستانی بالر کی سب سے بہترین ایوریج ہے۔