ٹام کروز کا احتجاج،  گولڈن گلوب ایوارڈز واپس کردیے

Tuesday, May 11th, 2021, 03:50:10 PM

لاہور: ہولی وڈ کے ایکشن ہیرو ٹام کروز نے آسکر کے بعد دنیا کے دوسرے معتبر ترین ایوارڈز گولڈن گلوب انتظامیہ کی جانب سے کمیٹی میں اصلاحات نہ کیے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد احتجاجا اپنے تین ایوارڈز تنظیم کو واپس کردیے۔علاوہ ازیں امریکی ٹی وی نیٹ ورک این بی سی نے بھی اصلاحات نہ ہونے تک گولڈن گلوب ایوارڈز کی آئندہ سال کی تقریب کو ٹی وی پر نشر نہ کرنے کا اعلان کردیا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق این بی سی نیٹ ورک نے 9 مئی کو بیان میں کہا کہ ان کا ٹی وی چینل 2022 کے گولڈن گلوب ایوارڈ کی تقریب نشر نہیں کرے گا۔ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق گولڈن گلوب ایوارڈز منعقد کرنے والی تنظیم ہولی وڈ فورین پریس ایسوسی ایشن تنظیمی اصلاحات کے لیے پرعزم ہے مگر تنظیم میں اصلاحات میں کافی وقت لگے گا، اس لیے مکمل اصلاحات نہ ہونے تک گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کو 2022 میں نشر نہیں کیا جائے گا۔این بی سی نیٹ ورک کے مطابق ایک سال کے بعد مکمل اصلاحات کے بعد ٹی وی نیٹ ورک 2023 کے گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کو نشر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر 2022 کے گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کو بھی تنازع کے بعد ملتوی کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔رواں برس فروری میں امریکی اخبار لاس اینجلس ٹائمز نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا تھا کہ گولڈن گلوب ایوارڈز کمیٹی کے 87 ارکان میں ایک بھی سیاہ فام رکن نہیں۔علاوہ ازیں رپورٹ میں ہوشربا انکشاف کرتے ہوئے دعوی کیا گیا تھا کہ بعض بڑے پروڈکشن اداروں کے تنظیم سے قریبی تعلقات ایوارڈز کی نامزدگیاں اور ایوارڈز دینے کے فیصلوں پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔