کیا واقعی ایم ٹی جے میں ازار بند کی قیمت 550 روپے ہے؟؟؟

Monday, May 3rd, 2021, 02:24:57 PM

لاہور:  ایم ٹی جے اسٹور کے افتتاح کے بعدہی سے مولانا طارق جمیل کو سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا سامنا بھی ہے۔26 اپریل کی دوپہر کو جب ایم ٹی جے اسٹور کا افتتاح کیا گیا تو یہ بتایا گیا تھا کہ برانڈ کی مصنوعات کی قیمتیں عام مارکیٹ سے مطابقت رکھتے ہوئے 2 ہزار سے 5 ہزار روپے کے درمیان ہیں۔
تاہم بعدازاں لوگوں کی جانب سے یہ شکایت سامنے آئی کہ ان کے برانڈ کے کپڑے بھی دیگر بڑے برانڈز کی طرح کافی مہنگے ہیں۔یہی نہیں بلکہ اس کے بعد مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ایم ٹی جے کے لوگو کے ساتھ ایک ازار بند کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی جس کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ اس کی قیمت 550 روپے ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین نے مولانا طارق جمیل کے برانڈ پر دوبارہ اعتراض کیا اور مختلف قسم کے تبصرے کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔تاہم سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر تنقید کے بعد ایم ٹی جے کی جانب سے ایک بیان میں وائرل ہونے والی تصویر کی تردید کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ 'ایم ٹی جے برانڈ اس خبر کی تردید کرتا ہے کہ یہ برانڈ ایسا ازاربند، جس کی قیمت 550 روپے ہے، اسے بنارہا ہے اور فروخت کررہا ہے'۔مزید کہا گیا کہ 'کچھ دنوں سے اس بے بنیاد خبر کو پھیلایا جارہا ہے'۔اس حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ 'ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم نہ ہی یہ پروڈکٹ بنارہے ہیں اور نہ ہی یہ ہماری ویب سائٹ اور اسٹورز پر موجود ہے'۔