صحیفہ جبار کا شوبز شخصیات کو مشورہ

Saturday, April 10th, 2021, 02:27:41 PM

لاہور: ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار نے ساتھی شوبز شخصیات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھی ان کی طرح استعمال شدہ مہنگی چیزیں فروخت کرکے دوسروں کی مدد کے لیے پیسے جمع کریں۔صحیفہ جبار نے انسٹاگرام پوسٹ میں ساتھیوں کو بتایا کہ کچھ دن قبل ہی انہوں نے اپنی استعمال شدہ برانڈڈ اور امپورٹڈ چیزیں فروخت کرنا شروع کیں تو ان پر تنقید کی گئی۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے سادہ طریقے سے انسٹاگرام اسٹوریز پر استعمال شدہ کپڑوں، جوتوں اور بیگز کو فروخت کے لیے پیش کیا اور انہوں اپنی شرٹس، پینٹس اور کرتوں کو بیچ کر 5 لاکھ روپے جمع کرنے کا ٹارگٹ بنایا تھا۔صحیفہ جبار نے بتایا کہ کچھ ہی دنوں میں انہوں نے استعمال شدہ چیزیں بیچ کر 2 لاکھ روپے جمع کرلیے اور وہ ٹارگٹ کو پورا کرنے کے لیے مزید چیزیں بیچ رہی ہیں۔
انہوں نے ساتھیوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی ماہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اپنی پرانی مہنگی اور امپورٹڈ چیزیں فروخت کرکے ضرورت مند لوگوں کے پیسے جمع کر کے ان کی مدد کریں۔اداکارہ نے ساتھی اداکاروں کو مشورہ دیا کہ اپنی استعمال شدہ چیزوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم ان غریب افراد میں تقسیم کریں، جنہیں مالی مدد کی ضرورت ہے۔
صحیفہ جبار نے اپنی استعمال شدہ شرٹس، پینٹس، پرس اور بیگز سمیت جیکٹس اور مرد حضرات کے کرتے بھی فروخت کے لیے پیش کیے اور ساتھ ہی ایک مہنگا پرس بھی فروخت کے لیے پیش کیا۔صحیفہ جبار نے استعمال شدہ پرس کی رقم 46 ہزار روپے بتائی جب کہ انہوں نے ایک ہزار روپے کی قیمت کی شرٹس سمیت دیگر چیزیں بھی 3 سے 6 ہزار روپے کی رقم میں فروخت کے لیے پیش کیں۔