دنیا میں خوبصورت اورعالیشان مساجد کی کمی نہیں۔عالمی خبر رساں اداے کے مطابق الجیریا کے دارالحکومت میں حال ہی میں سوا ارب ڈالر کی لاگت سے تیار اور 70 ایکڑ کے رقبے پر پھیلی ہوئی ’جامع الجزائر‘ کا افتتاح کردیا گیا ہے۔ جہاں ایک وقت میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش ہے۔

اس مسجد کی خاص بات 43 منزلہ اور 267 میٹر بلند خوبصورت اور روشن مینار ہے جسے دارالحکومت کے چاروں اطراف سے دیکھا جا سکتا ہے۔ نیلے رنگ کے سنگ مر مر اور خاص قسم کی لکڑی کے امتزاج نے مسجد کے اندورنی حصے کو خوبصورت بنا دیا ہے جب کہ قالین پر دلکش پھولوں کے ڈیزائن نے چار چند لگا دیئے ہیں۔

مسجد کی دیواروں کو خوش نما خطاطی سے مزین کیا گیا ہے مسجد میں 10 لاکھ کتابوں پر مشتمل لائبریری، لیکچر ہال، اسلامی تاریخ اور آرٹ پر مشتمل عجائب خانہ،باغ اور فواروں سمیت 12 عمارتیں ہیں۔ مسجد کے لیے پانچ امام اور پانچ موذن ہیں۔

مسجد کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم عبدالعزیز جراد نماز ادا کی جس میں ملک کے سیاسی و مذہبی رہنما بھی شریک تھے۔ کورونا وبا کے باعث فی الحال مسجد کا ایک ہال کھولا گیا ہے۔ مسجد کی تعمیر کا آغاز 2012 میں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ نے کیا تھا۔

مسجد کی تعمیر سات سال میں 2019 میں مکمل ہوئی تھی تاہم تنازعوں کے باعث افتتاح میں تاخیر ہوئی اس مسجد کو ایک چینی کمپنی نے تعمیر کیا ہے۔