سرینگر :غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سابق وزیر اعلیٰ اورپیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں جاری قتل و غارت کو روکنے کے لئے پاکستان اور کشمیری عوام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کرے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد کے علاقے لاگری پورہ عشمقام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ (مسئلہ کشمیر) ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور اس کو حل کیا جانا چاہئے تاکہ کشمیر میں خونریزی بند ہو اور یہاں کے لوگ پرامن زندگی گزارسکیں۔انہوں نے کہا کہ کم از کم علاقے میں تشدد کو روکنے کے لئے بات چیت شروع کی جانی چاہئے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو بات چیت پر سوچنا اور اس کوشروع کرنا چاہئے تاکہ خونریزی بند ہو۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے قبرستان بھرچکے ہیں۔