وزیر تعلیم شفقت محمود کے امتحانات منسوخ نہ کرنے کے فیصلے پر وقار ذکا کا ردعمل

Wednesday, April 7th, 2021, 04:11:16 PM

لاہور: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر وائرس سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے 8ویں جماعت تک تدریسی عمل 28 اپریل تک نہیں ہوگا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے، شفقت محمود نے کہا تھا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ امتحانات کی تاریخ اس لیے بڑھائی گئی ہے تاکہ کورونا کے حالات اس وقت تک کچھ بہتر ہوجائیں تاہم امتحانات کو منسوخ نہیں کیا جائے گا۔بعدازاں شفقت محمود نے امتحانات منسوخ نہ کرنے کے اس فیصلے سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی آگاہ کیا تھا۔شفقت محمود نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر کی گئی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ امتحانات سے متعلق فیصلہ حتمی ہے، طلبہ کو چاہیے کہ امتحانات کی تیاری شروع کریں اور سخت محنت کریں'۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ اس فیصلے کو تبدیل نہیں کیا جائے گا لہذا کسی کے ذہن میں اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، سب کچھ تعلیم کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے کی گئی مذکورہ ٹوئٹ کے بعد ٹی وی شو ہوسٹ وقار ذکا نے امتحانات سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کو اس (فیصلے)پر افسوس ہوگا'۔
خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ وقار ذکا نے اپنے نوجوان مداحوں کے لیے آواز اٹھائی ہو، وقار ذکا نے اس سے قبل وزارت تعلیم کی جانب سے طلبہ کے امتحانات سے متعلق وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا تھا۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جب یہ ممالک کیمبرج امتحانات کی اجازت نہیں دے رہے تو شفقت محمود ایسا کیوں نہیں کررہے، آپ کیوں چاہتے ہیں کہ طلبہ احتجاج کریں؟