مہندر سنگھ دھونی کی اداکاری کے میدان میں انٹری

Wednesday, April 7th, 2021, 01:32:44 PM

ممبئی:بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا کے بہترین آل راونڈرز میں شمار ہونے والے 40 سالہ مہندر سنگھ دھونی کرکٹ کے بعد اب اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔مہندر سنگھ دھونی نے اگست 2020 میں عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے شوبز انڈسٹری میں کام کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ایم ایس دھونی اب تک درجنوں اشتہارات میں ماڈلنگ کرتے دکھائی دیے ہیں اور وہ چند بڑے انٹرٹینمنٹ منصوبوں کا حصہ بھی رہے ہیں مگر اب جلد ہی وہ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
جی ہاں، ایم ایس دھونی نے اپنی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے جاسوس اینیمیٹڈ ویب سیریز بنانے کا اعلان کردیا، جس میں وہ خود بھی ایک جاسوس کے طور پر دکھائی دیں گے۔بھارتی اخباردی ہندو کے مطابق ایم ایس دھونی اور ان کی اہلیہ ساکشی سنگھ دھونی کی جانب سے بنائے گئے پروڈکشن ہاوس کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ سابق کرکٹر جلد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔رپورٹ کے مطابق مہندر سنگھ دھونی پروڈکشن اور بلیک وائٹ اورینج برانڈزبی ڈبلیو او مشترکہ طور پر اینمیٹڈ جاسوس ویب سیریز بنائیں گے، جس کا پہلا سیزن 2022 میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق سیریز کا نام کیپٹن 7 ہوگا، کیوں کہ 7 کے ہندسے کی ایم ایس دھونی شرٹ پہنتے تھے اور سیریز میں ممکنہ طور پر ان کی اسپورٹس جرنی بھی دکھائی دیں گی۔یہ واضح نہیں ہے کہ کیپٹن 7 حقیقی زندگی سے ماخوذ ہوگی یا اس کی کہانی فکشن پر مبنی ہوگی اور مذکورہ سیریز کس طرح کی جاسوس سیریز ہوگی؟کیپٹن 7 کے پہلے سیزن کی کاسٹ، کہانی اور پروڈکشن کے حوالے سے کام جاری ہے اور جلد ہی اس کی مزید کاسٹ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ساکشی سنگھ دھونی نے کیپٹن 7 کے حوالے سے بتایاکہ مذکورہ سیریز نہ صرف جاسوسی پر مبنی ہوگی بلکہ اس میں شائقین کو ایڈونچر اور تفریح بھی دیکھنے کو ملے گی۔