ڈالرروپے کے قابو آگیا، سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی کی واپسی

Tuesday, April 6th, 2021, 04:45:07 PM

لاہور: مسلسل تین کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بریک لگ گئی۔ امریکی کرنسی 33 پیسے سستی ہو گئی۔یاد رہے کہ گزشتہ تین کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت بالترتیب 25 پیسے ، 54 پیسے اور 11 پیسے بڑھی تھی اور قیمت 153 روپے 66 پیسے ہو گئی تھی۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 33 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 153 روپے 66 پیسے سے کم ہو کر 153 روپے 33 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال چھٹنے کے بعد زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔ 100 انڈیکس 856.49 پوائنٹس بڑھ گیا اور تیزی کے باعث 44 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہونے کے بعد کاروبار کا اختتام 44404.70 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران تیزی کے باعث 15 کروڑ 79 لاکھ 70 ہزار 645 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 140 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔