پاکستان میں نوجوانوں کی کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا اعلان

Monday, April 5th, 2021, 05:47:31 PM

اسلام آباد:پاکستان میں نوجوانوں کی ویکسی نیشن کا عمل مرحلہ وار شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین کے عمل سے گزارا جائے گا۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا میڈیا سے گفتگو میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچا کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومتِ منصوبے کے مطابق ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور کورونا وائرس سے بچا کیلئے سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم انداز میں ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ حکومت شہریوں کیلئے ویکسین خرید بھی رہی ہے۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت خدمات ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ کووڈ 19 ویکسین کی 9 لاکھ سے زیادہ خوراکیں پاکستان کو دی گئی ہیں۔ سرکاری مراکز کا انتخاب کرنے والوں کو یہ ویکسین بلا معاوضہ مل جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پچاس سال کی عمر سے زیادہ لوگوں کے لئے اندراج کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ 60 سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے ٹیکہ لگانے کی مہم پہلے ہی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس عمل کو تیز کر رہے ہیں اور اسے ایک ایسے مرحلے پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کو ویکسین فراہم کی جائے تاکہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت کی جانب سے شہریوں کو ویکسین مفت میں فراہم کی جا رہی ہے اور روسی ساختہ سپاٹونک وی ویکسین کے لئے نجی سرٹیفائیڈ ہسپتالوں میں سے بھی کچھ کو اجازت دی گئی ہے۔ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے آغاز میں لوگوں کی رجسٹریشن سست تھی لیکن اب آہستہ آہستہ لوگ آگاہ ہیں اور اپنی رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ تقریبا78فیصد افراد سرکاری ویکسی نیشن مراکز میں اپنی رجسٹریشن کر چکے ہیں۔